پیٹرولیم

حکومت پیٹرولیم پر ٹیکسز کی صورت میں وصول کی جانے والی اپنی آمدن میں کمی کرے ‘ صدر آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیداضافے کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام میں اب پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ برداشت کرنے کی سکت باقی نہیں رہی ، حکومت پیٹرولیم پر ٹیکسز کی صورت میں وصول کی جانے والی اپنی آمدن میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ کئی ماہ سے بجلی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ اضافہ کیا جارہا ہے جس سے مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے ۔بیروزگاری اور مہنگائی کی شرح بڑھنے سے عوام کی قوت خرید جواب دے رہی ہے جس کے منفی اثرات کاروبارپر بھی نمایاںہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کرے اور مختلف طبقات کے لئے مراعات کے نام پر بجٹ کو ختم کر کے اسے عوام کو ریلیف دینے کے لئے مختص کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ عوام اب دو سے ایک وقت کی روٹی پر آگئے ہیں لیکن بد قسمتی سے حکمران پھر بھی سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ حکومت یہ دعوے کر رہی ہے کہ معیشت مضبوط ہو رہی ہے تو پھر عوام کو مہنگائی کے رجحان سے بچانے کے لئے سبسڈی کیوں نہیں دی جارہی ۔ وزیر اعظم سے مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کی سمری آنے کی صورت میں اسے مسترد کر کے پیٹرولیم پر وصول کئے جانے والے ٹیکسز میں کمی کا حکم دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں