اسلام آباد( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں حکومت کی سطح پر کرپشن کاکوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا ،ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ صرف سیاستدانوں یا حکومت نہیں بلکہ معاشرے کے ہر شعبے کے حوالے سے ہوتی ہے ،
حکومت نے کرپشن کے خلاف اوپر سے شروعات کی ہیں اور پورے معاشرے کوٹھیک ہونے میں وقت لگے گا ، اگست کے بعد آٹے کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوا اور انشااللہ مہنگائی میں بتدریج کمی آئے گی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی اکابرین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سینیٹ انتخابات سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ جوجماعت کرپشن کے خلاف ووٹ لے کراقتدار میں آئی ہو وہ اس ناسور کے خاتمے میںکیسے غفلت یا کوتاہی برتے گی ، وزیر اعظم پر عزم ہیں کہ ہم نے پاکستان سے کرپشن کے بیج کو نا پید کرنا ہے اور اس کے لئے پیشرفت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پیپلزپارٹی اور(ن) لیگ نے ایک دوسرے کو چھوٹ دی جبکہ موجودہ دور حکومت میں احتساب کے اداروںکی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی ۔ انہوںنے مزیدکہا کہ ہماری وفاق سمیت تین صوبوں میں حکومت ہیں لیکن اس کے باوجود ہم کہہ رہے ہیں کہ آئیں سینیٹ انتخابات میں مزید شفافیت لائیں ،ہم اس حوالے سے بل پارلیمنٹ میں لائے ہیں تو اپوزیشن کہتی ہے بہت دیر ہو چکی ہے جبکہ ماضی میں یہاں صرف 38منٹ میں ترامیم پاس کی گئی ہیں، ابھی سینیٹ انتخابات میں وقت ہے ،اپوزیشن آئے اس پر بحث کر کے اپنی تجاویز دے ۔
ہمایوں اخترخان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو درست سمت میں ڈال دیا ہے اور ہمارے معاشی اشاریے بہتری کا اشارہ دے رہے ہیں۔