اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت مریم نواز کو کبھی باہر جانے نہیں دے گی، کرتار پور راہداری میں کوئی سازش نہیں ہورہی مگر دھرنے میں سازش ہورہی تھی۔ایک انٹرویومیں عثمان ڈار نے کہا کہ اگر آج حکومت نواز شریف کے ساتھ مریم نواز کو بھی ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دے تو یہ لوگ سات ارب کے بانڈز فوری اور خوشی سے جمع کرادیں گے مگر ہم مریم بی بی کو کبھی باہر جانے نہیں دیں گے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ اگر خواجہ سعد رفیق کے پاس بانڈز ہوتے تو اْنہوں نے بانڈز دے دینا تھے کیونکہ ان کے پاس بانڈز بہت ہوتے تھے مگر خواجہ آصف کہتے ہیں کہ22کروڑ عوام نواز شریف کی ضامن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ان کے ضامن ہیں مگر ان سب کے گھر والے بھی نواز شریف کے ضامن نہ بنیں کیونکہ ن لیگ کے پہلے پانچ بندے مفرور ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری میں کوئی سازش نہیں ہورہی مگر دھرنے میں سازش ہورہی تھی کرتار پورراہداری سے دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ اور امیج گیا ہے اور دنیا بھر نے ہمارے اس اقدام کو سراہا ہے۔