اسٹیٹ بینک

حکومت اور اسٹیٹ بینک نے فارن کرنسی اکائونٹس، روشن ڈیجیٹل اکائونٹس اور سیفٹی ڈپازٹ لاکرز کے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے بے بنیاد دعووں کی تردید کر دیْ

کراچی (عکس آن لائن)حکومت پاکستان اور بینک دولت پاکستان ، پاکستان کے بینکوں میں فارن کرنسی اکائونٹس، روشن ڈیجیٹل اکائونٹس اور سیفٹی ڈپازٹ لاکرز رکھنے والے تمام اکانٹ ہولڈروں کو یقین دہانی کراتا ہے کہ ان کے اکائونٹس اور لاکرز مکمل طور پر محفوظ ہیں، اور ان پر کسی قسم کی پابندی عائد کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔سوشل میڈیا پر اس طرح کی افواہیں گردش رہی ہیں کہ حکومت یا اسٹیٹ بینک فارن کرنسی اکائونٹس، روشن ڈیجیٹل اکائونٹس اور سیفٹی ڈپازٹ لاکرز کو منجمد کرنے یا ان سے رقوم نکلوانے پر پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ایسی افواہیں مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہیں۔ مزید وضاحت کی جاتی ہے کہ ایسی کوئی تجویز نہ اس وقت زیر غور لائی گئی ہے ، نہ ہی ماضی میں اس پر غور کیا گیا۔ مزید برآں، روشن ڈجیٹل اکانٹس سمیت تمام فارن کرنسی اکائونٹس کو فارن کرنسی اکائونٹس(پروٹیکشن)آرڈیننس2001 کے تحت قانونی تحفظ حاصل ہے، اور حکومت اور اسٹیٹ بینک مذکورہ ا کانٹس سمیت پاکستان میں تمام مالی اثاثوں کا تحفظ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

حکومت اور اسٹیٹ بینک ملک میں اقتصادی استحکام یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ حکومت کی طرف سے حالیہ مشکل اقدامات، جن میں پیٹرولیم مصنوعات پر زرِاعانت (subsidy) میں کمی بھی شامل ہے، سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی راہ ہموار ہوگی اور آئی ایم ایف کی قسط جاری ہوگی ، جبکہ دیگر کثیر طرفہ اداروں اور دوست ملکوں کی جانب سے مالی مدد ملے گی۔ ہمیں یقین ہے کہ ان اقدامات سے اجناس کی بڑھی ہوئی قیمتوں اور جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کی وجہ سے درپیش عارضی دباو کم ہوگا، اور معیشت میں غیر یقینی کیفیت بھی ختم ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں