اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے افریقہ کی طرف توجہ دینے کا فیصلہ کیا، دو روزہ انگیج افریقہ معاشی سفارتکاری کانفرنس میں شرکت کروں گا،امیدہے کانفرنس سے پاکستان کےلیے بہترثمرات سامنے آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 2روزہ سرکاری دورے پر کینیا روانہ ہوگئے، کینیا روانگی سے قبل وزیرخارجہ نے دورہ کینیا سے متعلق ویڈیو پیغام میں کہا ایک آزاداورخودمختارخارجہ پالیسی کےلیے معاشی استحکام لازم ہے، وزارت خارجہ نےمعاشی سفارت کاری کوبطوراصول اپنایا ہے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ معاشی سفارت کاری کے تحت انگیج افریقہ کانفرنس منعقدکرائی، افریقہ میں تجارت اورسرمایہ کاری کے بےشمارمواقع ہیں، ماضی میں افریقہ کی طرف وہ توجہ نہیں دے سکے جو دینی چاہیے تھی، حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے افریقہ کی طرف توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا صدر نے انگیج افریقہ کانفرنس کاافتتاح،وزیر اعظم نے خطاب کیا، حکمت عملی کوآگے بڑھاتے ہوئے کینیاروانہ ہورہاہوں، دو روزہ انگیج افریقہ معاشی سفارتکاری کانفرنس میں شرکت کروں گا، عبدالرزاق داد کانفرنس کی صدارت کریں گے، 100 کےقریب ہمارےتاجروں کاوفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نےافریقہ کی اہم کاروباری شخصیات کوبھی مدعوکررکھاہے، کوشش ہےتبادلہ خیال کےذریعےافریقہ میں اپنی رسائی کوفروغ دیں، کینیا، افریقہ کا گیٹ وے ہے، اس سے گہرے اور دیرینہ مراسم ہیں۔ وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ کینیا کے صدر کنیاٹا اور ان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کروں گا، کوشش ہوگی کانفرنس سے افریقی ممالک سے تعلقات مضبوط ہوں، کانفرنس میں افریقی ممالک میں موجود ہمارے سفرا شریک ہورہے ہیں ، امید ہے کانفرنس سے پاکستان کےلیے بہترثمرات سامنے آئیں گے۔