شہباز گل

حقیقت یہ ہے پاکستان کی سب سے بڑی بدقسمتی پیپلزپارٹی ہے، شہباز گل

اسلام آباد (عکس آن لائن)حکومتی ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ حقیقت یہ ہے پاکستان کی سب سے بڑی بدقسمتی پیپلزپارٹی ہے۔ وزیر اعظم کے ترجمان شہباز گل نے وزیراعلیٰ سندھ کی رہائشگاہ کی تزئین و آرائش کی خبر پر بیان دیتے ہوئے کہاکہ یہ ہے آپ کی اصل مینجمنٹ آپ کو عوام کے پیسے پر لوٹ مار کرنے کے سوا کچھ نہیں آتا اور ایک وزیراعظم پاکستان عمران خان ہیں جواپنی سرکاری رہائشگاہ کو یونیورسٹی بنارہے ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں وفاقی،صوبائی حکومتیں کورونا سے لڑرہی ہیں، آپ تزین و آرائش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الٹاچور کوتوال کو ڈانٹے، یعنی30 برس سندھ پر حکومت کرنے والے اس کی حالت زار کے ذمہ دار نہیں ہیں، تو کیا ڈیڑھ سال پہلے حکومت میں آنے والے عمران خان ذمہ دار ہیں؟انہوں نے کہا کہ چھری کے نیچے سانس لو میاں، آپ کی پروپیگنڈا مشین فیل ہوگئی ہے۔

عملی انتظامات آپ نے کیے نہیں اوروہ 18ویں ترمیم پربغلیں کون بجاتاتھا؟شہبازگل نے کہا کہ پیپلزپارٹی جھوٹے نعروں، جذباتیت پر سیاست کرکے سندھ کے عوام کاحق مار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی آفت تو اب آئی ہے لیکن عوام تھر سے بدین تک کی حالت زار نہیں بھولے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں