اسلام آباد (عکس آن لائن )وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ 2024 کے سلسلے میں بہترین سہولیات کی فراہمی پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، روڈ ٹو مکہ منفرد سہولت ہے، حجاج کی مقامی سطح پر سعودی کسٹم اور ایمیگریشن سعودی حکومت کا بہترین فیصلہ ہے،سعودی تعلیمات کے مطابق امسال حج انتظامات کو جلد مکمل کیا جا رہا ہے۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے بات چیت کرتے ہوئے انیق احمد نے کہا کہ انکی وزارت عازمین حج کو پہلے سے بہتر سہولت فراہم کرے گی۔ حجاج کرام کی آسانی کیلئے مثالی اور لائق تحسین اقدامات کرنے پر سعودی حکومت کے ممنون ہیں، حج 2024 کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جنوری میں خود سعودی عرب کا دورہ کروں گا، سعودی پاک تعلقات خلوص, محبت اور بھائی چارے پر قائم ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ساتھ ہر قدم پر تعاون جاری رکھنے پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعیدالمالکی نے کہا کہ پاکستانی عازمین حج کی سہولت اور آسانی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ زائرین کی سہولت و حفاظت کے پیش نظر انتظامات میں جدت لا رہے ہیں۔ پاکستانی عازمین حج مناسک حج اور انتظامی امور سے متعلق سیکھ اور سمجھ کر سفر حج پر روانہ ہوں۔