کراچی (عکس آن لائن)اداکارہ ماورا حسین نے کہا ہے کہ انہیں نہیں پتہ کہ وہ کب شادی کریں گی، کیوں کہ والدین نے ان پر کبھی شادی کے لیے دبائو نہیں ڈالا اور یہ کہ سب سے بہتر منصوبہ ساز خدا ہوتا ہے۔ماورا حسین اپنی بہن عروہ حسین کے ہمراہ ندا یاسر کے رمضان پروگرام ‘شانِ سحور’ میں شریک ہوئیں جہاں دونوں نے اپنی خاندانی زندگی سمیت عوام کے پوچھے سوالوں کے جوابات بھی دیے۔سوشل میڈیا پر لباس و اندار پر ہونے والی تنقید سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ماورا حسین نے کہا کہ وہ تنقید کرنے والوں کو جواب نہیں دیتیں، کیوں کہ وہ یہ سمجھتی ہیں کہ پبلک فگر ہونے کی وجہ سے عوام کو اپنی رائے کا اظہار کرنے کا پورا حق ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ بعض اوقات لوگوں کی باتوں اور تنقید سے کچھ نہ کچھ نیا سیکھ کر خود میں تبدیلی لانے کی کوشش کرتی ہیں لیکن جو باتیں غلط اور قابلِ قبول نہیں لگتیں ان کو وہ نظر انداز کر دیتی ہیں۔وکالت کی دنیا میں قدم رکھنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ فی الحال شوبز انڈسٹری میں کافی مصروف ہیں مگر وہ مستقبل میں بیریسٹر کی تعلیم حاصل کریں گی اور یہ کہ انہیں پریکٹیس سے زیادہ تعلیم حاصل کرتے رہنے کا شوق ہے۔