لاہور(عکس آن لائن) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت نشتر میڈیکل یونیورسٹی میںسینڈیکیٹ کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا،جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود، سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمداجمل بھٹی، پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفی، پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، رکن پنجاب اسمبلی محمد سلیم اختر، رکن پنجاب اسمبلی سبین گل،صنعتکار جلال الدین رومی، ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر شاہد محمودبخاری اور وائس چانسلر ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی خان نے شرکت کی۔رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے سینڈیکیٹ اجلاس ایجنڈا کے مندرجات پیش کئے۔ اجلاس کے آغاز میںشہید سابق وائس چانسلرنشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرمصطفی کمال پاشاکی بلندی درجات کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے سینڈیکیٹ کے ساتویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔سینڈیکیٹ اجلاس میں بی ایس نرسنگ چار سالہ کورس کی منظوری دے دی گئی اوراجلاس کے دوران نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں انٹرن شپ کی منظوری دے دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس میں سال 2020-21کے 6ارب 14کروڑ روپے سے زائدکے سالانہ بجٹ کے تخمینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کی عوام کو ان کا حق دیا ہے۔جنوبی پنجاب کی عوام کوان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی کوبجٹ تخمینہ جات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے نشترمیڈیکل یونیورسٹی میں مختلف ریسرچ کورسز کے آغاز کیلئے بھی ہدایت کی۔