لاہور (عکس آن لائن ) سینئر اداکار شبیر جان نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں سیاسی عدم استحکام نہیں آئے گا تب تک ملک ترقی کے راستے پر گامزن نہیں ہو سکتا،دھرنوں اور احتجاجی سیاست سے ملکی معیشت پر گہرا اثر پڑتا ہے اس کے ساتھ پاکستان میں بسنے والے شہریوں کی زندگی بھی اجیرن بن جاتی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اب ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی وجہ سے ہر شعبہ زندگی پریشانی میں مبتلا ہے اور ایک خوف کی فضا ہے ،اگر اس صورتحال کاتدارک نہ کیا گیا تو پاکستان کبھی ترقی نہیں کر سکے گا ۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان کی دنیا میں ایک شناخت بن چکی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو دنیا میںبھی مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب سیاستدانوں کوچاہیے کہ ملک کی گاڑی کو چلانے کے لئے مل بیٹھیں اور مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل نکالا جانا چاہیے ۔