ہمایوں اختر خان

تحریک انصاف میں ووٹ بینک صرف عمران خان کا ہے اورتمام رہنما اس سے آگاہ ہیں ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(عکس آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت سیاسی تفریق کے بغیر تمام صوبوں کو ضروری سامان کی فراہمی سمیت ہر طرح کی مالی معاونت فراہم کر رہی ہے ،وزیر اعلیٰ سندھ جو گلے شکوے میڈیا میں کرتے ہیں وہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاسوں میں کیوں نہیں کرتے؟،تحریک انصاف میں ووٹ بینک صرف عمران خان کا ہے اورتمام رہنما اس سے آگاہ ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے تناظر میں نیشنل کمانڈاینڈ کنٹرول اتھارٹی موجود ہے جہاں پر اتفاق رائے سے فیصلے ہو رہے ہیں۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے بیرون ممالک سے جو بھی سامان آرہا ہے وہ صوبوں میں ان کی ضروریات کے مطابق تقسیم کیا جارہا ہے ،اسی طرح وفاق کی جانب سے تمام صوبوں کی مالی معاونت بھی جاری ہے اور ان تمام مراحل میں کسی جگہ بھی سیاسی تفریق نہیں برتی جارہی ۔

ان حالات میں ہمیں ایک ہو کر اس وباء سے نمٹناہے کیونکہ سیاست کیلئے بڑا وقت پڑا ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک میں برآمدات پر سبسڈی دی جاتی ہے اور پاکستان میں بھی یہی فارمولہ ہے، وزیر اعظم اس کی انکوائری کر ا رہے ہیںکہ ملک میں چینی کی کمی کن وجوہات کی بناء پر پیدا ہوئی ۔ ہو سکتا ہے وزیر اعظم عمران خان شوگر انڈسٹری کی ری سٹرکچرنگ کا بھی فیصلہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کئی سالوں کی لازوال جدوجہد کی وجہ سے تحریک انصاف کو حکومت ملی ہے اور تحریک میں ووٹ بینک صرف عمران خان کاہے اور تمام رہنما اس سے آگاہ ہیں۔ پارٹی میں کوئی تقسیم نہیں اور تمام رہنما عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں