اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر کمیٹی کے قیام اور ذمے داران کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ تحریک انصاف کی صفوں میں موجود چور اور ڈاکو انہیں لے بٹھیں گے،چین میں موجود اپنے شہریوں کو بے سروسامانی کی حالت میں نہیں چھوڑنا چاہیے، اگر باقی ممالک وہاں سے اپنے لوگوں کو نکال سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں نکال سکتے،
وزیر اعظم نے خود کہا مجھے مافیا نے گھیرا ہوا ہے، جو بھی مافیا آٹے، چینی، مہنگائی اور بھوک کے ذریعے لوگوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں ان کو سامنے لایا جائے،وزیر اعظم کو چور ڈاکو صرف ہماری صف میں نظر آتے ہیں، باقی ان کے ساتھ موجود سارے لوگ دودھ کے نہائے ہوئے ہیں؟،آج اگر ہماری باری ہے تو کل باری آپ کی بھی آئیگی،حکومت کی سرپرستی میں اربوں کھربوں روپے چوری کرنے والوں کا احتساب کیا جائے ،اگر ایسا نہ ہوا تو عوام سب کا احتساب کریں گے۔جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کورونا وائرس پر چین میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ تمام ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک نے چین سے اپنے شہریوں کو نکال لیا اور کچھ ملکوں نے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے خصوصی طور پر طیارے بھی بھیجے ہیں تاہم ہمارے بچے وہاں کسمپرسی کی حالت میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ چینی حکومت بیمار بچوں کی بھرپور دیکھ بھال کر رہی ہے لیکن یہاں ان بچوں کے والدین بہت مضطرب ہیں اور میڈیکل ٹیسٹ کرانے کے بعد جو لوگ وائرس سے متاثر نہیں ہیں انہیں پاکستان لے آنا چاہیے تاکہ ان کے اہلخانہ کا اضطراب کم ہو سکے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے شہریوں کو بے سروسامانی کی حالت میں نہیں چھوڑنا چاہیے، یہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ انہیں حوصلہ دے کہ ہم انہیں وہاں سے نکال رہے ہیں کیونکہ اگر باقی ممالک وہاں سے اپنے لوگوں کو نکال سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں نکال سکتے۔اس موقع پر انہوں نے اخبار میں شائع خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب سے پشاور اور پھر جلال آباد آٹا بڑی تعداد میں جانے سے ٹرالر کا کرائے کا ریٹ 25ہزار روپے بڑھ گیا ہے، اسے وہاں ذخیرہ کیا جا رہا ہے اور ہمارے ملک میں لوگ آٹے کو ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے خود کہا کہ مجھے مافیا نے گھیرا ہوا ہے، جو بھی مافیا آٹے، چینی، مہنگائی اور بھوک کے ذریعے لوگوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں ان کو سامنے لایا جائے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کو چور ڈاکو صرف ہماری صف میں نظر آتے ہیں، باقی ان کے ساتھ موجود سارے لوگ دودھ کے نہائے ہوئے ہیں؟۔ انہوں نے کہاکہ 45فیصد چینی کی پیداوار پی ٹی آئی کی صفوں میں موجود لوگوں کے ذریعے ہوتی ہے،
زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف کی ملیں تو بند ہیں، اس مہنگائی سے کون پیسہ کما رہا ہے؟۔خواجہ آصف نے کہا کہ چیزیں کون مہنگی کر رہا ہے یہ معلوم ہونا پاکستان کے عوام کا حق ہے، کون لوگ انہیں لوٹ رہے ہیں، کون لوگ حکومت کی چھتری کے نیچے بیٹھ کر اربوں روپے بنا رہے ہیں، شاہ زیب خانزادہ نے مہنگائی کے سب سے بڑے ڈان کو بے نقاب کیا لیکن ان کو کوئی نہیں پوچھتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھنا چاہیے کہ گزشتہ 6ماہ کے دوران آٹے اور چینی کی قیمتیں کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہیں اور اس سلسلے میں ایوان کو بااختیار بناتے ہوئے ایک کمیٹی بنائی جائے تاکہ وہ اس بات کی تحقیقات کرے کہ پاکستانی عوام کو کون لوٹ رہا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کی صفوں سے آصف علی زرداری، شاہد خاقان عباسی اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا کہ یہ پھندا سیاستدانوں خصوصاً حکمرانوں کے گلے میں بھی پڑے گا، آج اگر ہماری باری ہے تو کل باری آپ کی بھی آئے گی۔انہوں نے کہاکہ 72سالوں میں عوام سے بڑی بڑی زیادتیاں ہوئی ہیں جس کا حکمران اشرافیہ ذمے دار ہے تاہم لوگوں کو چور کہنا اور اپنے بغل میں چور لے کر بیٹھے رہنا، یہ کیا سلسلہ ہے، لوگ چوروں کے چہرے شناخت کر گئے ہیں اور آپ کی پارٹی کی صفوں میں موجود ڈاکو اور چور آپ کو لے بیٹھیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کی سرپرستی میں اربوں کھربوں روپے چوری کرنے والوں کا احتساب کیا جائے کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو عوام سب کا احتساب کریں گے۔