لاہور (عکس آن لائن)چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے کہا ہے کہ رواں سال ملکی معیشت میں جی ڈی پی کی ترقی گزشتہ سال سے کم ہوگئی انہوں نے کہا کہ تجارت و صنعت کی تیز رفتار ترقی سے ملکی معیشت کی بھی ترقی ممکن ہے معیشت کی شرح اور جی ڈی پی کی کمی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے تجارت و صنعت کی تیز رفتار ترقی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی اور قرضوں کے عوض آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کرتے ہوئے ٹیکسوں اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
میاں خرم الیاس نے کہا کہ پلاننگ کمیشن آف پاکستان ،محکمہ خزانہ اور دیگر محکموں کی رپورٹس کے مطابق انڈسٹریز کے8شعبوں کے1970کارخانوں کے سروے سے انکشاف ہوا ہے کہ پنجاب میں ایک سال میں شوگر،ٹیکسٹائل، بیوریجز،پیپر بورڈ،کیمیکل و پٹرولیم ،انجینئرنگ، لیدر و پلائی وڈ انڈسٹریز 8شعبوں صنعتیں بند ہونے یا ان کی پیداوار کم ہونے سے لاکھوں افراد فارغ کردیئے گئے اس لیے حکومت صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائے تاکہ صنعتی شعبہ کی ترقی سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوسکے۔صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی سے ہی معاشی ترقی بڑھے گی۔