بی سی سی آئی

بی سی سی آئی نے پاکستانی ویمنز ٹیم کی میزبانی سے انکار کرنے کا فیصلہ کرلیا

ممبئی(عکس آن لائن) بھارت نے پاکستانی ویمنز ٹیم کی میزبانی سے انکار کرنے کا فیصلہ کرلیا، حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کو جواز بناکر آئی سی سی سے پوائنٹس دونوں ٹیموں میں شیئر کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

بھارت نے 2016میں پاکستانی ویمنز ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ 2017کیلئے راؤنڈ 6میچز کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس پر آئی سی سی نے تمام دستیاب پوائنٹس گرین شرٹس کو دے دئیےتھے، اب ایک بار پھر بھارت کو پاکستان ویمنز ٹیم کی آئندہ ماہ میزبانی کرنی ہے،بورڈ اس سیریز سے جان چھڑانے پر آمادہ دکھائی دیتا ہے۔ایک بھارتی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے حال ہی میں حکومت سے پاکستانی ویمنز ٹیم کی نومبر کے آخر میں میزبانی کیلئے اجازت مانگی تھی مگر وہاں سے کوئی جواب نہیں آیا، اس لیے اب آئی سی سی کو خط لکھا جائے گا کہ حکومت سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے وہ سیریز کھیلنے سے قاصر ہیں لہذا پوائنٹس دونوں ٹیموں میں شیئر کردیے جائیں۔

دوسری جانب آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ممبر بورڈز کی جانب سے اس حوالے سے کچھ سننے کا انتظار کررہے ہیں کہ وہ آپس میں سیریز کھیلنا چاہتے ہیں یا نہیں، اگر کوئی ایک یہ کہے کہ وہ یہ سیریز حکومت کی اجازت نہ ملنے پر نہیں کھیل سکتا تو پھر اسے اپنی حکومت کی جانب سے ایک خط پیش کرنا ہوگا جس میں سیریز کی میزبانی نہ کرنے کی وجہ بتانا ہوگی، یہ لیٹر آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کو پیش کیا جائے گا جویہ فیصلہ کرے گی کہ پوائنٹس دونوں میں شیئر کیے جائیں یا پھر ایک ہی ٹیم کو ایوارڈ کردیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں