نئی دہلی(عکس آن لائن) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک بار پھر دو ٹوک انداز میں پاک بھارت دوطرفہ سیریز کے منصوبے کی تردید کردی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ پاک بھارت دوطرفہ سیریز کے حوالے سے مستقبل قریب میں کوئی منصوبہ نہیں، ہم پاکستان کے ساتھ کسی قسم کی کرکٹ مصروفیات کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سال 2007 کے بعد سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی جب کہ 2013 میں دونوں ٹیموں نے آخری بار باہمی ون ڈے سیریز کھیلی تھی جس میں گرین شرٹس نے بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر 1-2 سے ہرایا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پاک بھارت ٹیسٹ میچز کی میزبانی آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا میں ہوسکتی ہے تاہم انگلینڈ اور آسٹریلیا میں فل کراؤڈ کے آنے کی توقع ہے۔