اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 80 لاکھ کشمیری بھارتی جبر و استبداد سے نجات حاصل کرنے کے لئے انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام عالم کی طرف دیکھ رہے ہیں، بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے۔
منگل کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کی مناسبت سے میں اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے 80 لاکھ کشمیری گذشتہ 127 روز سے بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں ذرائع مواصلات پر پابندی بدستور جاری ہے تاکہ اصل حقائق کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھا جائے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر80 لاکھ کشمیری بھارتی جبرو استبداد سے نجات حاصل کرنے کے لیے انسانی حقوق پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام عالم کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کرداراداکرے۔