لاہور(نمائندہ عکس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلاول کو نازیبا ریمارکس پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خاتون اول کے بارے میں بلاول کے نازیبا ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نامعقول بیان اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے پہلے اپنا گھر دیکھیں، یہ عدم اعتماد کی یقینی ناکامی کو دیکھتے ہوئے فرسٹریشن کا شکار ہیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ بے سروپا ریمارکس ناقابل برداشت ہیں، بلاول کو نازیبا ریمارکس پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ سیاست میں شائستگی، تہذیب اور احترام کے اصولوں کے قائل ہیں، پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ کے حوالے سے بیان حقائق سے منافی اور غلط بیانی پر مبنی ہے، پنجاب میں ہر سطح پر میرٹ کو فروغ دیا گیا ہے اور 100 فیصد تقرر و تبادلے میرٹ پر ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ یہ من گھڑت ریمارکس جمہوری، سماجی، تہذیبی اور اخلاقی روایات کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، انہوں نے اخلاقیات سے عاری زبان استعمال کر کے ذہنی پسماندگی کا مظاہرہ کیا۔