مسلم لیگ (ن)

بزدار صاحب پنجاب نہیں آپ کے رشتے دار اورفرنٹ مین ترقی کر رہے ہیں’ مسلم لیگ (ن)

لاہور(عکس آن لائن)مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بزدار صاحب پنجاب نہیں آپ کے رشتے دار اورفرنٹ مین ترقی کر رہے ہیں،کب تک آپ اپنی سادگی اور شرافت کے ڈھونگ کے پیچھے چھپتے رہیں گے؟،جس شخص کوکوئی اینٹوں کے بھٹے پر منشی نہ رکھے عمران خان نے اس کے حوالے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ کردیا ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بزدار صاحب آپ نے کونسی دودھ اور شہد کی نہروں کی کھدائی کرائی ہے جن کے راستے میں پی ڈی ایم رکاوٹیں کررہی ہے ،آپ باقاعدگی سے اپنی وٹس ایپ کلاسز لیں اور اپنی سرکار سے روزانہ دم درود کرایا کریں،آپ کے کچھ وزیر آپ کے خلاف سازشیں کررہے ہیں ،ان کیلئے چلہ کاٹیں،پنجاب کے عوام آج شہبازشریف کی گڈ گورننس اور مینجمنٹ کو یاد کررہے ہیں،عثمان بزدار نے اڑھائی سالوں میں پروٹوکول انجوائے کرنے کے علاوہ ایک گلی بھی مرمت نہیں کرائی ۔

انہوں نے کہا کہ پیلس گرانے کی شدید مذمت کرتے ہیں،عدالت کے حکم امتناعی کے باوجود بزدار انتظامیہ نے کھوکھر پیلس گرایا،بزدار انتظامیہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئی ہے ،کھوکھر برادران کو نوازشریف کا ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے ،بزدل حکومت کی انتقامی کاروائیوں سے نوازشریف کے شیر گھبرانے والے نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں