لندن (عکس آن لا ئن) برطانوی حکومت نے 9کروڑ افراد کے لیے کرونا ویکسین کا پیشگی معاہدہ کر لیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق کروناوائرس کی ممکنہ ویکسین کی تیاری سے قبل ہی برطانوی حکومت نے معاہدہ کرلیا جس کے تحت برطانیہ ادویہ ساز دو کمپنیوں سے ویکسین کی 9 کروڑ خوراک حاصل کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق 3کروڑ ویکسین کی خوراکیں جرمن اور 6کروڑ فرانسیسی کمپنی تیار کرے گی جو کامیاب ٹرائل کے بعد برطانیہ کو فراہم کی جائیں گی، ان کمپنیز نے ویکسین کے ٹرائل شروع کررکھے ہیں۔
دوسری جانب آکسفورڈ یونیورسٹی بھی 10کروڑ ویکسین تیار کر رہی ہے۔ بزنس سیکریٹری برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ معاہدہ برطانوی شہریوں کی جانیں بچانے کے لیے کیا، برطانیہ کی آبادی تقریباً ساڑھے 6کروڑ ہے۔
برطانوی سائنس دانوں نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال ستمبر تک ویکسین مکمل طور پر تیار ہوجائے گی۔
دنیا بھر میں درجنوں ادویہ ساز کمپنیاں کرونا کی ویکسین بنانے میں جٹی ہوئی ہیں، زیادہ تر ادارے ویکسین تیار کرچکے ہیں جس کے انسانوں پر تجربات کیے جارہے ہیں۔