برطانوی شاہی جوڑا

برطانوی شاہی جوڑا نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیگا

لاہور(عکس آن لائن ) برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ دورہ پاکستان کے دوران نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور بھی جائے گا، جہاں ان کے اعزاز میں پی سی بی کی جانب سے پروقار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔برطانوی شاہی جوڑا 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گا، اس دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کے ساتھ کئی تقاریب میں شرکت بھی کریں گے۔

برطانوی ہائی کمیشن نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورکے دورے کو حتمی شکل دے دی، شاہی جوڑا این سی اے میں 40 منٹ گزارے گا، برطانوی مہمان جدید سہولیات سے آراستہ اکیڈمی کے مختلف حصے دیکھیں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اکیڈمی میں مختلف مقامات پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ میچز کی یادگار تصاویر آویزاں کی جائیں گی، اس موقع پر امکان ہے کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی پاکستانی کرکٹرز سے بھی ملاقات کرائی جائے۔

حکام کے مطابق برطانوی شاہی مہمانوں کے اعزاز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تقریب بھی منعقد ہوگی جس میں پی سی بی حکام، سابق اور موجودہ سٹار کرکٹرز سمیت دیگر شخصیات شرکت کریں گی۔واضح رہے کہ برطانوی شاہی خاندان کے کسی فرد کا 13 سال بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال 2006 ء-04 میں پاکستان آچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں