لندن (عکس آن لائن)عالمی شہرت یافتہ کم عمر ترین باکسنگ چمپئن پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے راولپنڈی میں کبوتر اڑا دینے کی غلطی پر مالکان کے تشدد سے جان سے جانے والی کم سن گھریلو ملازمہ زہرہ شاہ کے اہل خانہ کیلئے امداد کا اعلان کردیا۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر باکسر نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ ان کی ٹیم عامر خان فاؤنڈیشن نے زہرا شاہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ زہرہ کو ضرور انصاف ملے گا۔انہوں نے بتایا کہ زہرہ کے بہن بھائیوں کے تعلیمی اخراجات اب ان کی فاؤنڈیشن اٹھائے گی اور انہیں بہتر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔عامر خان نے بتایا کہ زہرہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ پیسوں کے عوض کسی قسم کے دباؤ کا شکار نہیں ہوں گے اور انصاف کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔باکسر نے لکھا کہ انہوں نے زہرہ کے نام پر چائلڈ پروٹیکشن فنڈ متعارف کروایا ہے جس پر زہرہ کے اہل خانہ نے اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ زہرہ چائلڈ پروٹیکشن فنڈ آنے والے برسوں میں بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا خاتمہ کرے گی اور سیکڑوں اور ہزاروں بچوں کی حفاظت کرے گی۔واضح رہے کہ 3 جون کو راولپنڈی میں طوطے اڑانے پر 8 سالہ ملازمہ کو گھر کے مالک اور بیوی نے مبینہ طور پر تشدد کر کے قتل کر دیا تھا۔