لاہور(عکس آن لائن ) باغبانپورہ پولیس نے شہریوں سے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا تے ہوئے ملزمان محمد شہزاد اور محمد حسن کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے باغبانپورہ اور ہربنس پورہ کے علاقوں میں ایک ہی رات میں05ڈکیتی و راہزنی کی وارداتیں کرنے والے ریکارڈ یافتہ ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے شہریوں سے لوٹا مال برآمد کر لیا ۔ڈاکو مومن پورہ سٹاپ سے واردات کر کے فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر تھانہ باغبانپورہ کے اے ایس آئی اعجاز اور ڈولفن سکواڈ ٹیم 363 کے جوانوں نے دونوں ڈاکوؤں کوتعاقب کرکے گرفتار کیا۔
ملزمان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ،لوٹی گئی نقدی اور موبائل فون برآمد کر لئے گئے۔ملزمان سے وارداتوں میں استعمال کی گئی باٹا پور سے چھینی گئی موٹر سائیکل بھی قبضہ میں لے لی۔ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں گن پوائنٹ پر شہریوں سے نقدی و موبائل فون چھینے کی متعدد وارداتیں کیں۔ایس ایچ او باغبانپورہ محمد عتیق ڈوگر نے کہا کہ گرفتارملزمان محمد شہزاداور محمد حسن ریکارڈ یافتہ ہیں جن کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں کئی مقدمات درج ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے ریکارڈ یافتہ ڈاکو پکڑنے پر اے ایس آئی اعجاز علی اور ڈولفن سکواڈ ٹیم 363 کے جوانوں کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ۔