قصور (عکس آن لائن)ترجمان محکمہ زراعت نے باغبانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماہ دسمبرکے دوران آم کے باغات کی آبپاشی بندرکھیں اور پودوں پر نئی منزلیں نہ نکلنے دیں‘ نیز رواں ماہ کے دوران ہرقسم کی پھوٹ کو کاٹنے کے علاوہ موثرزہروں کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کیلئے انہیں ماہ جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھناچاہئیے تاکہ پودوں میں بڈ انڈکشن کا عمل مکمل ہوجائے۔انہوں نے بتایا کہ کاشتکار پودوں کے نیچے گہری گوڈی نہ کریں کیونکہ جڑیں زخمی ہونے کی صورت میں مختلف قسم کے جراثیم آم کے پودے کے اندر داخل ہوکر مختلف بیماریوں کا موجب بنتے ہیں جن میں پودوں کا یکدم مرجھاؤ بھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ باغبان پودے میں غیر ضروری بڑھوتری کو کنٹرول کرنے کیلئے ماہرین زراعت کے مشورہ سے سپرے کریں اور پودے میں نئی آنے والی پھوٹ کی چیکنگ اور اس کی شاخوں کی پختگی کو بھی یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مزیدہدایت کی کہ وہ ماہ دسمبر کے آخرتک کھادیں ڈالنے کا عمل بھی مکمل کرلیں تاکہ پودے کی بہتر پیداوارمیں مددمل سکے۔