چاول

باسمتی چاول کی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 42.6 فیصد اضافہ ہوا،

اسلام آباد (عکس آن لائن) کووڈ19- کی وبا کے دوران برآمدی آرڈرز میں اضافہ کے باعث رواں مالی سال کے دوران باسمتی چاول کی برآمدات42.6 فیصد تک بڑھ گئیں۔

جاری مالی سال کے دوران چاول کی پاکستانی برآمدات 4 ملین ٹن سے تجاوز کرجائیں گی۔

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان(ریپ) کے چیئرمین شاہجہان ملک نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ مئی 2020 ء کے دوران باسمتی چاول کی برآمدات 12.88 فیصد کے اضافہ سے 92 ہزار454 ٹن تک پہنچ گئیں.

جبکہ مئی 2019ء میں 81 ہزار902 ٹن کی برآمدات کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال کے ابتدائی 11مہینوں میں باسمتی چاول کی برآمدات42.59 فیصد تک بڑھی ہیں ۔

جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران باسمتی چاول کی برآمدات 8 لاکھ52 ہزار177 ٹن رہی ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال میں اس عرصہ کے دوران 5 لاکھ 97 ہزار639 ٹن باسمتی چاول برآمد کیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب نان باسمتی چاول کی برآمدات میں کمی ہوئی ہے تاہم جاری مالی سال کے اختتام تک چاول کی مجموعی ملکی برآمدات 4 ملین ٹن سے بڑھنے کی توقع ہے۔

شاہ جہان ملک نے کہا کہ رواں مالی سال چاول کی برآمدات کے حوالے سے ایک اچھا سال ثابت ہوا ہے اور صرف ایک ماہ کے دوران ایک لاکھ ٹن سے زیادہ چاول برآمد کیا گیا ہے.

اور صرف اپریل 2020ء کے دوران باسمتی چاولوں کی برآمدات ایک لاکھ 9 ہزار 104 ٹن رہی ہیں۔

جاری مالی سال کے اختتام تک باستمی چاولوں کی برآمدات9لاکھ20 ہزار ٹن تک بڑھنے کی توقع ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران 6 لاکھ ٹن برآمدات کی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث چاول کی مقامی اور غیرملکی طلب بڑھی ہے جس کے باعث پاکستان کو زیادہ برآمدی آرڈرز موصول ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں