تہران(عکس آن لائن)ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران کو اپنے علاقے اور سلامتی کے دفاع کے لیے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی ضرورت نہیں ہے۔ ایران اپنے جوہری پروگرام کے ذریعے جوہری ہتھیاروں کے حصول کی کوشش نہیں کررہا ہے۔ایرانی بحریہ کے دو جنگی جہازوں کی افتتاحی تقریب کے دوران حسن روحانی نے اشارہ کیا کہ جوہری معاہدے پر عمل درآمد خطے میں سلامتی اور استحکام کو مستحکم کرنے کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ ایران کا پیغام واضح ہے اور اگر تمام فریقین جوہری معاہدے کی پاسداری کرتے ہیں تو تہران اپنی جوہری پروگرام کو محدود کرنے پر تیار ہوگا اور تمام شرائط پرعمل درآمد کرے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ ان کا ملک جنگوں کو بھڑکانے اور تناؤ کو بڑھانا نہیں چاہتا تاہم اپنی سرزمین پر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ ویانا مذاکرات کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔ وہ تنازع کے بقیہ نکات کے بارے میں بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام پابندیوں کو ختم کرنے کے لیے بات چیت میں اتفاق رائے ہوا ہے۔تیل ، توانائی ، بینکنگ اور انشورنس شعبوں پر عاید پابندیوں ہٹانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔