پرویز الہٰی

اینٹی کرپشن حکام نے تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کو حراست میں لے کر ایک روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کرلیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)اینٹی کرپشن حکام نے تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کو حراست میں لے کر ایک روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کرلیا۔ذرائع کے مطابق راہداری ریمانڈ کیلئے پرویز الہٰی کو جوڈیشل کمپلیکس لے جایا گیا تھا جہاں ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا اور عدالت نے پرویز الہٰی کو (کل) تک متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔اس موقع پر وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ پرویز الہٰی کو 12ویں دفعہ گرفتار کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اینٹی کرپشن سیل نے پرویز الہٰی کے راہداری ریمانڈ کی استدعا جبکہ پرویز الہٰی کے وکیل سردار عبدالرازق نے راہداری ریمانڈ کی مخالفت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن سیل کی جانب سے پرویز الہٰی کو اڈیالہ جیل سے ہی حراست میں لیا گیا۔حکام کے مطابق پرویز الہٰی کے خلاف اینٹی کرپشن میں 4 مقدمات ہیں۔دوسری جانب پرویز الہٰی کے وکیل سردار عبدالرازق نے بتایا کہ پرویز الہٰی کو لاہور پولیس راہداری ریمانڈ لے کر لاہور لے جانا چاہتی ہے، ان کی اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں ضمانت منظور ہوچکی ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی تاہم پرویز الہٰی کی لیگل ٹیم کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع نہ کروائے جاسکے تھے اور ضمانتی مچلکے داخل نہ ہونے پر ضمانت پر رہائی کے روبکار بھی تاحال جاری نہ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں