اعتراف

ایرانی وزیرخارجہ کا روس کو ڈرون مہیاکرنے کااعتراف

تہران (عکس آن لائن)ایران کے وزیر خارجہ نے پہلی بار اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کے ملک نے روس کو ڈرون مہیاکیے ہیں مگراس بات پراصرار کیا ہے کہ ڈرونز کی منتقلی یوکرین کے خلاف ماسکو کی جنگ سے پہلے ہوئی تھی۔اس جنگ میں ایرانی ساختہ ڈرونز کے ذریعے یوکرینی دارالحکومت کیف کے شہری ڈھانچے پربمباری کی گئی ہے۔ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان کا یہ بیان ایران کی جانب سے روس کو ہتھیاروں کی ترسیل کے بارے میں کئی ماہ سے مبہم پیغامات کے بعد سامنے آیا ، جبکہ روس یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور شہری اہداف پرڈرونز سے حملے کررہا ہے۔تہران میں ایک اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیرعبداللہیان نے کہا کہ ہم نے یوکرین کی جنگ سے کئی ماہ قبل روس کو محدود تعداد میں ڈرون دیے تھے۔

انھوں نے یہ تو کہا کہ ایران نے روس کو ڈرون بھیجے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ دعوی کیا کہ ان کا ملک یوکرین میں اپنے ڈرونز کے استعمال سے بے خبر تھا۔انھوں نے کہا کہ ایران اس تنازع کو روکنے کے لیے پرعزم ہے۔انھوں نے بتایا کہ انھوں نے یوکرینی وزیرخارجہ سے اس بات پراتفاق کیا ہے کہ وہ روس کی جانب سے یوکرین میں ایرانی ڈرونز کے استعمال کے بارے میں کوئی بھی ثبوت ہمیں فراہم کریں گے۔اس سے قبل ایرانی حکام نے یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کوہتھیارمہیاکرنے کی تردید کی تھی۔رواں ہفتے کے اوائل میں اقوام متحدہ میں ایران کے سفیرامیرسعید ایروانی نے ان الزامات کو ‘مکمل طور پر بے بنیاد’ قرار دیا تھا اور جنگ میں ایران کی غیر جانبداری کے مقف کا اعادہ کیا تھا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکا اوراس کے مغربی اتحادیوں نے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں کہ آیا روس نے یوکرین میں شہریوں پرحملے کے لیے ایرانی ڈرونز کا استعمال تو نہیں کیا۔اس کے باوجود ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب نے دنیا کی چوٹی کی طاقتوں کو ڈرون مہیا کرنے کا مبہم دعوی کیا تھا اور ان کی افادیت پرفخر کا اظہار کیا تھا۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ڈرونز کی افادیت کی تعریف کی ہے اور ان کے خطرے پرمغربی طاقتوں کا مذاق اڑایا ہے۔دریں اثنا 1979 میں تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضے کی سال گرہ کے موقع پر جمعہ کو ریاستی حمایت یافتہ امریکا مخالف مظاہرے کیے گئے ہیں اور ان مظاہروں کے دوران میں ایک ہجوم نے مثلث کی شکل کے ڈرونز کے پلے کارڈزبھی لہرائے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں