تہران( عکس آن لائن )ایران میں اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے اور ابترمعاشی حالات کے اثرات اب بھی روزمرہ کی زندگی پر ظاہر ہورہے ہیں۔ ایران میں خراب معاشی حالات کی وجہ سے عوام ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اور ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں حکومت کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔عرب ٹی وی کے مطابق ایران میں ریٹائر ہونے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے ملک کے مختلف حصوں میں خراب حالات زندگی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔مظاہرین دارالحکومت تہران اور رشت، خرم آباد، اصفہان، مشہد، شیراز، اہواز اور ملک کے دیگر شہروں میں جمع ہوئے۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پرانہوں نے اپنے بار بار کیے مطالبات درج کررکھے تھے۔ایران کے عرب اکثریتی صوبے اھواز میں سٹیل اور لوہے کی صنعتوں کے کارکنان نے اتوار کو شہر میں گورنری ہیڈکوارٹر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین معاشی ابتری کے خلاف اور اپنے معاشی حالات کی بہتری کے لیے مطالبات کررہے تھے۔اھواز میں ہونے والے مظاہرے کے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے جن میں مظاہرین کو گورنری ہیڈکوارٹر کی طرف جانے والی سڑکوں پر چلتے اور احتجاج کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ایران میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کیلوگ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں سے نالاں ہیں۔ گذشتہ ہفتے ہزاروں ریٹائرڈ اساتذہ نے احتجاجی مظاہرے کیے۔