لامودی گلوبل

ای ایم پی جی نے لامودی گلوبل کوخریدتے ہوئے فلپائن، انڈونیشیا اورمیکسیکو کی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرلی

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان کے سب سے بڑے پراپرٹی پورٹل زمین ڈاٹ کام کی پیرنٹ کمپنی ای ایم پی جی نے لامودی گلوبل کو خرید لیا ، اس خریداری کے ساتھ ہی ای ایم پی جی کو اب فلپائن، انڈونیشیا اور میکسیکو کی مارکیٹس میں بھی رسائی حاصل ہوگی۔

لامودی گلوبل
ای ایم پی جی نے لامودی گلوبل کوخریدتے ہوئے فلپائن، انڈونیشیا اورمیکسیکو کی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرلی

ای ایم پی جی کا کہنا ہے کہ یہ خریداری او ایل ایکس گروپ کے ساتھ حالیہ ہونے والی ڈیل سے پہلے ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ او ایل ایکس کے ساتھ ہونے والے کاروباری سودے سے ای ایم پی جی کی قدرایک ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے ۔

ای ایم پی جی نے فروری میں تھائی لینڈ کا پورٹل کائیڈی خریدا تھا۔ اب لامودی گلوبل کی خریداری کے ساتھ ہی ای ایم پی جی کو جنوب مشرقی ایشیاء کے خطے میں اہم حیثیت اور مقام حاصل ہو گیا ہے۔

ای ایم پی جی متحدہ عرب امارات،سعودیہ عرب اور اردن میں ’بیوت‘، پاکستان میں ’زمین ‘ ،بنگلہ دیش میں ’بی پراپرٹی‘ ، تیونس اور مراکش میں ’مبوّب‘ اور تھائی لینڈ میں ’کائیڈی ‘ کے ساتھ موجود تھا۔ جبکہ اس کی ملکیت میں اب یو اے ای کا معروف پورٹل ’ڈوبی زل‘ ، او ایل ایکس پاکستان،او ایل ایکس مصر اور او ایل ایکس لبنان سمیت دیگر خلیجی ممالک کے او ایل ایکس اس میں شامل ہیں اور ای ایم پی جی کے زیر انتظام ہی آپریٹ ہوتے ہیں۔

لا مودی کا قیام 2013ء میں ابھرتی ہوئی مارکیٹس کو مدنظررکھتے ہوئے بطور آن لائن پراپرٹی پورٹل کے وجود میں آیا تھا۔ اس وقت لامودی انڈونیشیا، فلپائن اور میکسیکو میں معروف برانڈ ہے۔ ای ایم پی جی کے گزشتہ سال لامودی کے مشرق وسطیٰ، پاکستان اور بنگلہ دیش کے کاروبار خرید لئے تھے۔

فلپائن، انڈونیشیا اور میکسیکو میں سالانہ 55.1 ارب ڈالر کی مجموعی رئیل اسٹیٹ کی ٹرانزیکشن ہوتی ہے جہاں سے 2.3 ارب ڈالر کے لگ بھگ مجموعی کمیشن حاصل ہوتا ہے۔ ان ممالک کی مجموعی آبادی پچاس کروڑ ہے۔

ای ایم پی جی کے سی ای او عمران علی خان نے کہا کہ ہم لامودی گلوبل کی ٹیم کو ای ایم پی جی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اُن کے علم اور تجربے سے مستفید ہونگے اور ہمیں ان لوگوں کی قدر ہے جو اس کاروبار کے ساتھ شروع دن سے ہیں۔

ہم ٹیم کےساتھ کام کرتے ہوئے کاروبار کو وسعت دیں گے اور ای ایم پی جی کی جانب سے اسٹریٹیجک، ٹیکنالوجیکل اور مالی معاونت حاصل ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ اس خریداری سے اس خطے کے متعلقہ کاروبار پر مزید توجہ حاصل ہوگی۔

جنوب مشرقی ایشیاء کی مارکیٹ میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اورہم پروفیشنلز اور صارفین کو بہترین اور لاجواب تجربہ فراہم کریں گے۔ لامودی کے سی ای او کیان موئنی نے کہا کہ ای ایم پی جی کے اس خطے میں آنے سے آن لائن بزنس میں اضافہ ہوگا۔

ای ایم پی جی نے اس خطے میں کامیابی سے کاروبار کیا ہے ،اس گروپ کی اسٹریٹجک گہرائی اور جدید ترین ٹیکنالوجی دو ایسے عناصر ہیں جس سے ہم اپنے اگلے سفر کا آغاز کریں گے۔ لامودی کے ساتھ ہونے والی ڈیل کی مالیت نہیں بتائی گئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں