فرخ حبیب

اکبر ایس بابر ن لیگ کے ایزی لوڈ پر یہ سب کر رہے ہیں، الزام لگانے والوں کے بیانیہ کو ایک بار پھر شکست ہوئی ہے،فرخ حبیب

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف شفاف طریقے سے چل رہی ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ سمیت تمام جماعتوں کی فنڈنگ کا بھی حساب ہونا چاہئے،اکبر ایس بابر ن لیگ کے ایزی لوڈ پر یہ سب کر رہے ہیں، الزام لگانے والوں کے بیانیہ کو ایک بار پھر شکست ہوئی ہے۔

منگل کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ اکبر ایس بابر کہتے تھے کہ بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوئی تو بتائیں کہاں ہے وہ فنڈ نگ ؟ اکبر ایس بابر نے چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا اور سب کو گمراہ کیا ہے، رپورٹ کے صفحہ نمبر 81 کے مطابق اکبر ایس بابر اپنے موقف کے حق میں کوئی بھی دستاویز پیش نہیں کر سکے ،مریم صفدر بھی الیکشن کمیشن کے باہر آ کر کہتی تھیں کہ بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوئی تاہم اس رپورٹ میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف صاف اور شفاف طریقے سے چل رہی ہے، پارٹی کو اندورن اور بیرون ملک پاکستانیوں نے سپورٹ کیا ، الزام لگانے والوں کو اوورسیز پاکستانیوں سے بھی معافی مانگنی چاہیے جن کی دل آزاری ہوئی ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ میں مریم صفدر اور بلاول زرداری کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ بھی اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے لائیں، بھون داس اور شجاعت عظیم کا عوام کو بتائیں کہ یہ کون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول نے بھی 35 کروڑ کا حساب دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ جلد از جلد سکروٹنی کمیٹی کو فعال کریں اورپیپلزپارٹی اور ن لیگ سمیت بقیہ تمام جماعتوں کی فنڈنگ کا بھی حساب ہونا چاہئے۔فرخ حبیب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا بھی پتہ چلنا چاہیے کہ وہ لیبیا سے کس چکر میں فنڈنگ لیتے رہے۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ صرف پی ٹی آئی وہ واحد جماعت ہے جس نے شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ن لیگ پرائیویٹ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہے، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اس معاملے کو حل کرے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ الیکشن کمیشن جلد از جلد پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی فنڈنگ کی تحقیقات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ والٹن کرکٹ گراؤنڈ کا جو ذکر کر رہے ہیں وہ پیسے بھی بینک کے ذریعے آئے اس میں کوئی چیز چھپانے والی نہیں، ایک دوستانہ کرکٹ میچ ہوا وہ بھی پاکستانیوں کے درمیان کھیلا گیا۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی میں بھی اس حوالے سے کچھ نہیں نکلا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں