اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ اپوزیشن غیر ذمہ داری کا ثبوت دینے پر تلی ہوئی ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ انکاجلسے منعقد کرنے پر بضد ہونا ان کی غیر جمہوری سوچ اور غیر ذمہ دارانہ رویے کا عکاس ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ عدالتی اور حکومتی احکامات کے بعد جلسے منعقد کرنے کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں بنتا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ذاتی مفاد کے لئے عوام کی صحت اور زندگیوں سے کھیلنا سب سے بڑی خود غرضی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں کیسز بڑھنے کی صورت اپوزیشن راہنماؤں اور جلسوں کے منتظمین پر ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔