وینس (عکس آن لائن)اٹلی کے شہر وینس میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں دوافراد ہلاک جبکہ شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وینس کا مشہور تاریخی مقام سینٹ مارکس اسکوائر بھی سیلابی پانی سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور وہاں اب بھی ساڑھے تین فٹ تک پانی جمع ہے ۔
گزشتہ 5 دہائیوں میں آنے والی سب سے بڑے سیلاب کے نتیجے میں وینس کا 80 فیصد حصہ زیرِ آب آگیا ہے جبکہ مختلف حادثات میں اب تک 2 افراد ہلاک ہوگئے ۔گزشتہ ہفتے بارشوں کے بعد سے پیدا ہونے والی سیلابی لہروں نے تباہ مچارکھی ہے اور نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔سیاحتی مقامات، ہوٹلوں اور دیگرعوامی مقامات پر کئی فٹ تک پانی موجود ہے۔
حکام کی جانب سے شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور پانی کی نکاسی کے لیے شہری ادارے کام میں مصروف ہیں۔وینس کے میئر کی جانب سے عوام سے عطیات دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے، میئر کا کہنا تھا کہ وینس اٹلی کا فخر ہے اور دنیا بھر میں منفرد حیثیت رکھتا ہے۔حکام کے مطابق موسمیاتی تبدیلیاں شدید اور طوفانی بارشوں کی اہم اور بنیادی وجہ ہیں جس کے باعث وینس میں تقریبا100 سال بعد اتنی شدید بارشیں ہوئی ہیں۔