اسلام آباد(عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ زرعی سائنس نے ‘آرگینک کچن گارڈننگ’سرٹیفکیٹ کورس متعارف کرکے اِس کورس میں داخلوں کا آغاز کردیا ہے۔دور حاضر میں زہر آلود سبزیاں اور ناقص غذا کئی جان لیوا بیماریوں کا باعث ہیں ٗ انسانی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی خصوصی ہدایت پر اس کورس کو تیار کیا گیا ہے۔
اِس کورس میں زہر اور کیمیائی کھاد سے پاک سبزیوں کی قدرتی کاشت کے طریقوں کے بارے میں سکھایا جائے گا۔کورس میں گھریلو پیمانے پر صحت افزا نامیاتی سبزیوں کی کاشت ٗ قدرتی کھاد بنانے کا طریقہ ٗ نباتاتی طریقوں سے کیڑوں اور بیماریوں کی روک تھام وغیرہ کے طریقے شامل ہیں۔شعبہ زرعی سائنس کے چئیرمین ٗ پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد کے مطابق اس شارٹ کورس میں ہر عمر کے مرد و خواتین جو اردو پڑھنا اور لکھنا جانتے ہوں ٗ اپلائی کرسکتے ہیں۔اِس پروگرام کے بارے میں مزید تفصیلات کے لئے چئیرمین ٗ ڈپارٹمنٹ آف ایگریکلچرل سائنسسزسے اُن کے دفتر کے فون نمبر 051-9057750پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
داخلے کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ داخلے کے لئے اُن کی درخواستیں چئیرمین ٗ ڈپارٹمنٹ آف ایگریکلچرل سائنسسزٗ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے نام مکمل کاغذات کے ساتھ 15۔فروری تک پہنچ جانی چاہئیے۔درخواست میں مکمل پتہ اور موبائل نمبر لکھنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔علاوہ ازیں 7۔مضامین میں چار سالہ بی ایس پروگرامز جن میں انوائرمنٹل سائنس ٗ مائیکرو بیالوجی ٗ باٹنی ٗ فزکس ٗ کیمسٹری ٗ ریاضی اور شماریات شامل ہیں کے داخلے بھی جاری ہیں۔بی ایس پروگرامز کے داخلوں کی اہلیت ٗ طریقہ کار اور دیگر تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔