اسلام آباد (عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے انٹرنیٹ سہولتوں سے محروم طلبہ کی آسانی کے لئے ملک بھر میں قائم کردہ ریجنل دفاتر میں تیز ترین انٹرنیٹ اور جدید سہولتوں سے آراستہ ‘کمپیوٹر لیباٹریاں’قائم کی ہیں تاکہ وہ یونیورسٹی کے کیمپسز میں قائم اِن کمپیوٹر لیباٹریوں سے استفادہ کرسکیں۔مزید برآن دفاتر میں ‘ سپیشل کاﺅنٹرز’ بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں پر عملہ طلبہ کی مدد اور راہنمائی کے لئے ہمہ وقت موجود رہتا ہے۔
کرونا کی عالمی وباءکی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں ، حکومتی گائیڈ لائن اور طلبہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2020ءکے سمسٹر ٹرمینل امتحانات آن لائن منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو 6جون سے شروع ہورہے ہیں۔بعض علاقوں سے طلبہ کی شکایات موصول ہورہی تھیں کہ یہاں تو انٹرنیٹ اور کمپیوٹرز کی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں تو ہم آن لائن امتحانات کیسے دے سکتے ہیں۔ یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز)ڈی پی آر( نے اُن طلبہ کو آگاہ کرنے کے لئے یہ وضاحتی بیان جاری کیا ہے ، انکی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ایسے طلبہ جن کے پاس انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی سہولتیں نہیں ہیں وہ یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں قائم کمپیوٹر لیبارٹریوں سے آن لائن امتحانات/ورکشاپس میں شمولیت اور اسائنمنٹس اپلوڈ کرنے کے لئے مفت استفادہ کرسکتے ہیں۔ڈی پی آر کے مطابق یونیورسٹی کے وائس چانسلر اِن کمپیوٹر لیباٹریوں کو مزید مستحکم اور کارآمد بنانے کے لئے حسب ضرورت کمپیوٹرز فراہم کررہے ہیں۔