اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ انحراف چھوٹی بات نہیں یہ انسان کے ضمیر کا معاملہ ہے، نجی ٹی وی کے مطابق منگل کو چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے پنجاب اسمبلی کے منحرف اراکین کی الیکشن کمیشن کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی، درخواست کی سماعت کے دوران منحرف اراکین کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی نے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے لئے کوئی ہدایات جاری نہیں کی تھیں،
وزارت اعلی کے لئے پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الہی نے انتخاب کے روز اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا،چیف جسٹس سپریم کورٹ عمر عطا بندیال نے کہا کہ انحراف چھوٹی بات نہیں یہ انسان کے ضمیر کا معاملہ ہے،سپریم کورٹ آرٹیکل 63اے کی تشریح میں انحراف کو پہلے ہی کینسرقراردے چکا ہے جب آپ کی جماعت نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تو آپ نے شرکت کیوں کی،جسٹس محمد علی مظہرکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ممبر ہوتے ہوئے آپ نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیے ،عدالت نے منحرف اراکین کو پارٹی پالیسی کے خلاف مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دینے کے نکتے پر تیاری کر کے آنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔