اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت اب چند ہفتوں کی مہمان ہے،میثاق معیشت ایک احمقانہ خیال ہے،ملک گیر تحریک کا آغاز ہوچکا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے سربراہ شہباز شریف کا انتخابات سے انکار ہر صورت میں اقتدار سے چمٹا رہنے کی ان کی خواہش کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میثاق معیشت ایک احمقانہ خیال ہے، سیاسی جماعتیں سیاسی فریم ورک پر اکٹھی ہوتی ہیں، معاشی فریم ورک صرف کمیونسٹ نظام میں ایک ہوتا ہے، کوئی بھی ذی ہوش شخص کرائم منسٹر کی حکومت کی تباہ کن معاشی پالیسیوں کی حمائیت نہیں کر سکتا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ رات رات لاکھوں لوگوں نے لاہور جلسے میں آزادی کے خواب کی تعبیر کو حقیقی آزادی ملنے تک نامکمل قرار دیا۔ فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پر مزید کہا کہ ملک گیر تحریک کا آغاز ہو چکا ہے، انشاللہ یہ حکومت چند ہفتوں کی مہمان ہے۔