واشنگٹن (عکس آن لائن ) امریکہ نے ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے چار بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی بحریہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی آبدوز یو ایس ایس نبراسکا نے ٹرینڈنٹ ٹو ڈی فائف میزائلوں کا تجربہ کیا ہے جو ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
امریکی بحریہ کے بیان میں آیا ہے کہ یوایس ایس نبراسکا آبدوز نے ریاست کیلیفورنیا میں بحرالکاہل کے سمندر میں بدھ اور جمعہ کو بھی دو تجربے کئے تھے۔ روس امریکہ کے اس طرح کے میزائلی تجربوں کو دوطرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی سمجھتا ہے۔امریکہ نے حال ہی میں روس پر دوطرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا اور انٹرمیڈیٹ رینج جوہری معاہدے آئی این ایف سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔