بیجنگ(عکس آن لائن)امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے چینی کمپنیوں میں امریکیوں کو سرمایہ کاری سے روکنے کے لیے بلیک لسٹڈ کمپنیوں کی فہرست میں توسیع کے بعد چین نے امریکا پر چینی کمپنیوں کو دبانے کا الزام لگایا اور انتقامی کارروائی کی دھمکی دیدی۔میڈیارپورٹس کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے امریکی اقدام کو مارکیٹ کے قوانین کی خلاف ورزی اور چینی کمپنیوں کو دبانے کی کوشش بتاتے ہوئے مسترد کردیا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا سے چینی کمپنیوں کے ساتھ منصفانہ اور غیر امتیازی سلوک رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ کہ چینی کمپنیوں کو دبانے والی یہ نام نہاد فہرستیں ختم کردیں۔انہوں نے کہا کہ چین اپنی کمپنیوں کے جائز حقوق اور مفادات کے استحکام کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔