اسلام آباد (عکس آن لائن ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کی تقرری کے لیے حکومت کو مزید 10 دن کی مہلت دیدی،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ صدارتی آرڈیننسز کے حوالے سے بھی درخواست زیر سماعت ہے، خوش آئند بات ہے کہ پارلیمنٹ کی بے توقیری نہیں ہوئی، پارلیمنٹ کا تقدس اور آئین کی سربلندی ضروری ہے، پارلیمنٹ سپریم ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لیے مزید مہلت کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔رہنما ن لیگ اور درخواست گزار محسن شاہنوار رانجھا نے کہا بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت کو 4 آرڈیننسز واپس لینے کی سمری بھجوائی گئی ہے، اچھی بات یہ ہے کہ پارلیمنٹ میں اب چیزیں مشاورت کے ساتھ طے ہو رہی ہیں، ہماری یہی گزارش ہوتی ہے کہ ایوان کو رولز کے مطابق چلایا جائے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ صدارتی آرڈیننسز کے حوالے سے بھی درخواست زیر سماعت ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا یہ خوش آئند بات ہے کہ پارلیمنٹ کی بے توقیری نہیں ہوئی، پارلیمنٹ کا تقدس اور آئین کی سربلندی ضروری ہے، پارلیمنٹ سپریم ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی حکومت کی مزید مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری کے لیے مزید 10 روز کی مہلت دیدی اور کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔