لاہور (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر شاہد صد یق خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن متنازعہ ہوچکا سکندر راجہ استعفیٰ دیکر گھرجائیں،ضمنی انتخابا ت سے ملکی مسائل حل نہیں ہونگے، ضمنی کی بجائے ملک میںعام انتخاب کا اعلان کیا جائے،متنازعہ اور نیب زرہ شخص محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلی تقرری پنجاب کی عوام سے سنگین مذا ق ہے۔اپنے جاری بیان میں انہو ں نے کہاکہ ملک پر بددیانت ٹولہ مسلط ہے جو کہ مسلسل غریب عوام کا خون چوس رہا ہے آٹھ ماہ میں امپورٹڈ حکومت نے ملکی معیشت کا ستیاناس کر دیا ہے،
تحریک انصاف کے کارکنان عمران خان کا عوام تک پیغام پہنچانے میں دن رات مصروف عمل ہیں، ملکی تاریخ میں صرف پی ٹی آئی کی حکومت نے ڈیلور کیا اور حالات مشکل ترین ہونے کے باوجود عمران خان نے بطور وزیر اعظم ملک کو سنبھالا دیا اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا،انہوںنے کہا کہ عمران خان ملک کو بحرانوں اور مسائل کے بھنور سے نکالیں گے،وہ وقت دور نہیں جب الیکشن ہونگے اور تحریک انصاف عوامی طاقت سے دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی۔انہوں نے کہا پی ڈی ایم تحریک انصاف اور عمران خان کی مقبولیت سے اسقدر خوف زدہ ہے کہ حکومت میں ہونے کے باوجود کچھ نہیں کر پارہی ملک کاعملی طور پر دیوالیہ نکل چکا ہے۔