کراچی(عکس آن لائن) بینک دولت پاکستان کے علم میں آیا ہے کہ آف شور فارن ایکسچینج ٹریڈنگ ویب سائٹس، موبائل ایپلی کیشنز اور پلیٹ فارمز جیسے اوکٹافیکس، ایسی فاریکس وغیرہ پاکستان کے شہریوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات فراہم کررہے ہیں۔ یہ ڈجیٹل پلیٹ فارمز سوشل میڈیا اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات خریدنے یا ان میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتے ہیں۔ ایسی مصنوعات کی مثالوں میں فارن ایکسچینج ٹریڈنگ، مارجن ٹریڈنگ، کنٹریکٹ فار ڈفرینسز اور دیگر شامل ہیں۔عوام کے مفاد میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں مقیم کسی بھی شخص کے لیے مذکورہ بالا پلیٹ فارمز کی پیش کردہ مصنوعات اور خدمات خریدنا ممنوعہ اور ملکی قانون کے منافی ہے۔
پاکستان میں ایسے آف شور پلیٹ فارمز سے مصنوعات اور خدمات خریدنے اور کسی بھی پیمنٹ چینل سے انہیں بلاواسطہ یا بالواسطہ زر مبادلہ بھیجنے والے شخص کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشنز ایکٹ (FERA) 1947 کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جاسکتی ہے۔چونکہ ایسے پلیٹ فارمز کی ریگولیشن نہ تو اسٹیٹ بینک کرتا ہے اور نہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اس لیے عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ محتاط رہیں اور ایسے پلیٹ فارمز کی مصنوعات اور خدمات خریدنے یا ان میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی ممکنہ نقصان اور FERA کے تحت قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔