اسلام آباد(عکس آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کو بہت سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، آپ نے صرف مجرموں کا مقابلہ نہیں کرنا معاشرے کا سامنا بھی کرنا ہے،معاشرے میں آپ فرنٹ لائن میں کا کردار ادا کریں گے، ، جسٹس کریں گے تو معاشرے میں اچھائی آئے گی، آپ انصاف نہیں کریں گے تو معاشرے میں انتشار پھیلے گا،، ایمانداری اور دیانت داری کو اپنا پیشہ بنا لیں۔
جمعہ کو وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں 45ویں اے ایس پیز ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آ وٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ٹریننگ حاصل کرنے والے تمام افسران کو مبارک باد دیتا ہوں،میں جو بھی بولتا ہوں وہ اپنے تجربے کی بنیاد پر بولتا ہوں،میں نے آج اس پریڈ میں تبدیلی دیکھی کہ ایک خاتون نے اس پریڈ میں بہترین کارکردگی کا ایوارڈ لیا۔ وزیر داخلہ نے کہا یہ کہنا غلط ہے کہ پاکستان مردوں کی ڈومینیشن کا معاشرہ ہے، آپ اس وقت اپنے پروفیشن میں بہترین سلیکشن ہیں، اس وقت پاکستان کو بہت سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا آپ نے صرف مجرموں کا مقابلہ نہیں کرنا بلکہ آپ نے معاشرے کا سامنا بھی کرنا ہے،معاشرے میں آپ فرنٹ لائن میں کا کردار ادا کریں گے، اگر آپ اچھی کارکردگی دکھائیں گے تو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا آپ کی جب جہاں ڈیوٹی لگے میری آپ سے التجا ہے کہ اچھی کارکردگی دکھائیں اپنی بنیاد کو مضبوط بنائیں، قبرستان ایسے لوگوں سے بھرا پڑا ہے جو کہ بہت بڑے نام والے تھے،آپ اس معاشرے میں جائیں اور اصلاحات لائیں۔ انہوں نے کہا جب آپ یونیفارم میں ہوتے ہیں تو آپ پر بہت سی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، اپنے آپ کے علاوہ اپنے ماتحت لوگوں کا بھی خیال رکھیں، اس وقت ملک میں لا اینڈ آرڈر کتنا اچھا اور خراب ہے میں اس پر بات نہیں کروں گا، مگر آپ جانتے ہیں کہ حالات کیا ہیں۔
انہوں نے کہا آپ انصاف پر مبنی فیصلے کریں، اگر آپ جسٹس کریں گے تو معاشرے میں اچھائی آئے گی، اگر آپ انصاف نہیں کریں گے تو معاشرے میں انتشار پھیلے گا، لہذا میری آپ سے التجا ہے کہ لوگوں میں انصاف کرنا سیکھیں، آپ ایمانداری اور دیانت داری کو اپنا پیشہ بنا لیں۔وزیر داخلہ نے کہا مجھے یقین ہے کہ جب آپ لوگوں کے حالات کو سمجھنا شروع کر دیں گے تو آپ کو انصاف کرنے کا موقع ملے گا،ہم لوگوں کو خوش نہیں کر سکتے بس اپنے اللہ کو خوش کریں۔