لاہور (عکس آن لائن) اداکارہ میرا نے بھی آج کل کے مشہور زمانہ ڈرامے میرے پاس تم ہو کے سحر میں مبتلا نکلی‘ ڈرامے میں اپنے پسندیدہ کردار کا نام بھی بتا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ان دنوں پاکستان بھر میں لوگوں کا موضوع بن جانے والا ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو مقبولیت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔
سوشل میڈیا ہو یا چھوٹی اسکرین ہر جانب بس اس ڈرامے کی دھوم مچی ہوئی ہے جبکہ شوبز سے وابستہ شخصیات بھی ڈرامے سے متعلق اپنی رائے اور پسندیدہ کردار بتانے میں پیش پیش ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس ڈرامے نے اداکارہ میرا پر بھی سحر طاری کردیا ہے۔
میرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ڈرامہ میرے پاس تم ہو میں شہوار کی اہلیہ ماہم احمد یعنی سویرا ندیم کی ڈرامے میں پہلی دھماکے دار انٹری کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ اس ڈرامے میں میرا سب سے پسندیدہ کردار سویرا ندیم کا ہے جو کہ بہترین اداکارہ ہیں۔ میرا نے یہ بھی لکھا کہ کرداروں کا چناو، ان کی لا جواب اداکاری اور تمام اداکاروں کے ڈائیلاگز بہترین ہیں یہاں تک کہ تمام کردار بہترین کام سر انجام دے رہے ہیں۔