شہباز شریف

احسن اقبال کی بلاجواز گرفتاری نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے، شہباز شریف

لندن(عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کی بلاجواز گرفتاری نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے، پاک چین دوستی اور سی پیک کو مضبوط بنانے والے شخص کی گرفتاری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی پاکستان کی خدمت کرنے والی ٹیم کے ایک اور رکن کی گرفتاری اچھی روایت نہیں اور احسن اقبال کی گرفتاری کا مقصد حکومت کی نالائقی اور نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے سے روکنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جن ادھورے منصوبوں کو مکمل کرنے پر احسن اقبال کو شاباش ملنا چاہیے تھی، اس میں ان کی گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے، عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، جن لوگوں نے عوام اور پاکستان کی ایمانداری، محنت اور قومی جذبے سے خدمت کی، انہیں گرفتار کرکے اچھا پیغام نہیں دیاجارہا۔صدر مسلم لیگ (ن)کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا ہر سپاہی، ہر کارکن اور ہر ٹیم کا رکن نیب نیازی گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئے گا لہذا حکومت کی سی پیک، عوام اور پاکستان دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے، کوئی جیل، جھوٹا مقدمہ اور نیب نیازی گٹھ جوڑ ہمیں عوام کے حقوق کا دفاع کرنے سے نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک اور عوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، اس لیے سیاسی انتقام کے ذریعے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے، حکومت سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمے بنانے اور جیل بھجوانے کے بجائے اہم قومی اور عوامی مسائل پر توجہ دے۔

علاوہ ازیں لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز کو باہر جانے کی اجازت نہ دینا حکومت کی بدترین فسطائیت ہے۔ حکومت معاشی اور خارجہ محاذ پر مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے تاہم مریم نواز کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ سے انصاف کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے موجودہ حالات مودی کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ وہ مودی ہے جس سے عمران خان دوستی کی پینگیں بڑھاتے تھے۔ حکومت کو بھارت کے ساتھ پینگیں بڑھانے کا منفی جواب ملا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ کشمیر میں مودی سرکار بدترین درندگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ کشمیر میں مظالم رکوانا عمران خان کے بس کی بات نہیں۔ خارجی معاملات پر خود کو افلاطون سمجھنا اور مشورہ نہ کرنے سے خراب نتجہ ہی نکلتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں