سرگودھا(عکس آن لائن ) ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے اسسٹنٹ پروفیسر ماہر امراض ناک‘ کان‘ گلا ڈاکٹر محمد خلیل رانا نے کہا ہے کہ بدلتا موسم،خشک سردی‘ ہوا میں خنکی‘ نزلے‘ کھانسی‘ بخار اور گلے کی خرابی کی ساتھ ساتھ آنکھوں میں جلن کا موجب بن رہا ہے، بارش نہ ہونے کی وجہ سے ان بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے، احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ان امراض سے بچا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد بچوں کو موٹر سائیکل پر آگے بٹھا کر سفر کرتی ہے جو اس موسم میں بچوں کیلئے انتہائی خطرناک ہے، سموگ اور ڈینگی کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ یہ موسمی بیماریاں ہیں جن پر احتیاطی تدابیر سے انسان خود پاسکتا ہے۔
ڈاکٹر محمد خلیل رانا نے کہا کہ بدلتے موسم میں ٹھنڈی بوتل‘ قلفی‘ آئسکریم‘ کھٹی اشیاء کے استعمال سے پرہیز بہتر ہے۔ ڈاکٹر محمد خلیل رانا نے کہا کہ اس وقت ہسپتال میں کھانسی‘ نزلہ‘ زکام‘ بخار اور گلے کی خرابی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ،جس کیلئے ڈاکٹرز مریضوں کو محتاط رہنے کی ہدایات کررہے ہیں۔