آسٹریلیا نے

آسٹریلیا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو134رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی

ایڈیلیڈ(عکس آن لائن) آسٹریلیا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو 134رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہو گئی۔سر ی لنکا کی ٹیم 234رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر محض 99رنز بناسکی۔آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 2وکٹوں کے نقصان پر 233رنزبنائے۔ ڈیوڈ وارنر 56گیندوں میں 100رنز ، فنچ 64، گلین میکسول 62رنزبنا کر نمایاں بلے باز رہے۔سری لنکا اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا دوسرا میچ 30اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

اتوار کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم سری لنکا نیٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کارگر ثابت نہ ہوسکا۔کینگروز اوپنرز کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنز نے شاندار 122رنز کا آغاز فراہم کیا اور فنچ 8چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 64رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گلین میکسول نے 28گیندوں پر 62رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جس میں 7چوکے اور 3بلندوبانگ چھکے بھی شامل تھے۔ تاہم برتھ ڈے بوائے ڈیوڈ وارنر 56گیندوں میں 100رنز بنا کر ناقابل شکست رہے انہوں نے 10چوکے اور 4چھکے بھی جھڑے۔

انہوں نے اپنی 33ویں سالگرہ کے موقع پر کیرئیر کی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری اسکور کی۔ اس طرح آسٹریلیا نے مقررہ 20اوورز میں صرف 2وکٹوں کے نقصان پر 233رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ سری لنکا کی جانب سے سنڈاکن اور شناکا نے 1،1وکٹ حاصل کی۔ جبکہ کوسن راجیتھا نے ٹی ٹوئنٹی میں 4اوورز میں سب سے زیادہ 75رنز دے کر ریکارڈ اپنے نام کیا۔سری لنکا کی جانب سے اننگز کا مایوس کن آغاز کیا گیا اور 50کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی جبکہ سری لنکن ٹیم مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر محض 99رنز بناسکی۔

ڈاسن شناکا 17رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔زیمپا نے3جبکہ اسٹارک اور کمنز نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ایگر کے حصے میں بھی ایک وکٹ آئی۔اس طرح کینگروز نے سری لنکا کو 134رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی اور میزبان ٹیم نے سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی۔ ڈیوڈ وارنر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔سری لنکا اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا دوسرا میچ 30اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں