قاہرہ ( عکس آن لائن) مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اب مسلمانوں کی دل آزاری کرنا بند کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حضورۖ کے یومِ ولادت پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصری صدر نے فرانس میں جاری اسلام مخالف مہم کی مذمت کی اور کہا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر حضور ۖ کی گستاخی کسی طور قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی نبی یا پیغمبر کی شان میں گستاخی مذہبی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
عبدالفتح السیسی نے یہ بھی کہا کہ اربوں لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا انتہاپسندی ہے، ایسی اظہار رائے کی آزادی کو لازمی روکنا چاہیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی اظہار رائے کی آزادی کسی طور قبول نہیں جو ڈیڑھ ارب لوگوں کی دل آزاری کاسبب بنے۔خیال رہے کہ فرانس کے خلاف عرب دنیا میں خوب احتجاج کیا جارہا ہے اور فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی کیا جارہا ہے۔