کوٹلی (عکس آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی کی کامیابی کا امکان نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی کی آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کوٹلی میں انتخابی دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر پر ماضی کے وزرائے اعظم اور عمران خان کے طریقہ کار میں واضح فرق ہے، موجودہ حکومت کی کشمیر پالیسی اور رویہ پر انہوں نے ہمیشہ تنقید کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام کو پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدواروں پر مکمل یقین ہے، وہ ہمارے ساتھ ہی کھڑے رہیں گے کوئی خدشہ نہیں کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی اپنی حکومت بناسکے ۔ بلاول کاکہنا تھا کہ اگر ان کی طاقت حکومت ہے تو ہماری طاقت پاکستان پیپلزپارٹی ہے، حکومت بنانے کے لئے اپنی جماعت، اپنے لوگوں کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔