باکو (عکس آن لائن) آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے کہا ہے کہ نیگورنوکاراباخ میں آرمینیا سے دوسرا بڑا شہر شوشا بھی حاصل کرلیا جبکہ آرمینیا نے تردید کردی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر الہام علی یوف کے اعلان کے بعد دارالحکومت باکو کی سڑکوں پر جشن منایا گیا۔آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے باکو میں شوشا پر فوج کے قبضے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کی تاریخ میں یہ ایک عظیم دن ہوگا۔باکو میں شہریوں کی بڑی تعداد فتح کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئی، جن کے ہاتھوں میں قومی پرچم تھے اور نعرے لگا رہے تھے جبکہ کاروں کے ہارن بجائے جا رہے تھے۔
دوسری جانب نیگورنو،کاراباخ کے عہدیداروں اور آرمینیا کی وزارت دفاع نے الہام علی یوف کے دعووں کو مسترد کردیا۔نیگورنو،کاراباخ کی ریسکیو سروس کا کہنا تھا کہ شوشی بدستور آذربائیجان کے لیے ناقابل حصول خواب ہے، تاہم شہر کو دشمنی کی بم باری سے شدید نقصان پہنچا ہے۔آرمینیا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ اہم علاقے میں شدید لڑائی جاری ہے جبکہ نیگورنو-کاراباخ کی فوج نے کہا کہ انہوں نے آذربائیجان کی فورسز کی پیش قدمی کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے۔