آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب سے برٹش ہائی کمیشن کے دو رکنی وفد کی سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات

لاہور(عکس آن لائن)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کیلئے ماڈرن پولیسنگ کے اصولوں پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کو موثر طور پر استعمال کر رہی ہے جبکہ شہریوں کی سہولت کیلئے سروس ڈلیوری کے جدید پراجیکٹس بھی صوبے کے تمام اضلاع میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ صوبے کے متعدد اضلاع میں مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس کے جدید انٹی گریٹڈ سمارٹ اینڈ سرویلنس سسٹم آپریشنل کئے گئے ہیں جن کی بدولت حساس تنصیبات، تعلیمی اداروں،اقلیتی عبادت گاہوں سمیت دیگر اہم مراکز کی سیکیورٹی انتظامات میں مزید بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے دہشت گردوں، شرپسندوں اور انکے سہولت کاروں کے خاتمے کو یقینی بنارہی ہے جبکہ غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی چاک و چوبند ٹیمیں ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں برٹش ہائی کمیشن کے دو رکنی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ برٹش ہائی کمیشن کے دو رکنی وفد میں مِس این کووان(قونصلر ریجنل آپریشنز مینیجر) اور البرٹ ڈیوڈ (ہیڈ آف قونصلر آپریشنز)شامل تھے۔ دوران ملاقات دہشت گردی کے خلاف جنگ،دو طرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا جبکہ آئی جی پنجاب نے برٹش وفد کو لا ء اینڈ آرڈرصورتحال اور پنجاب پولیس کے جدید پراجیکٹس سے بھی آگاہ کیا۔

برٹش ہائی کمیشن کے وفد میں شامل مِس این کووان(قونصلر ریجنل آپریشنز مینیجر)نے دہشت گردی کے خاتمے میں پنجاب پولیس کے موثر کردار اور بروقت کاروائیوں کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہاکہ جرائم کی بیخ کنی میں پنجاب پولیس کی جانب سے ماڈرن پولیسنگ کی مہارتوں اور جدید طریقہ کار کابڑھتا استعمال نہایت خوش آئند ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ پنجاب پولیس کے ساتھ انفارمیشن شئیرنگ اور پیشہ ورانہ تعاون کو مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں